نئی دہلی (وشواس ٹیم) سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں 2 تصویریں ہیں۔ ان تصاویر میں سبز رنگ کی ایک عمارت پر آدھا چاند اور تارے کا نشان بنا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ وائناڈ میں کانگریس پارٹی کا دفتر ہے۔ ہماری تفتیش میں ہم نے پایا کہ یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔ یہ عمارت کانگریس کے دفتر کی نہیں بلکہ آئی یو ایم ایل (انڈین یونیئن مسلم لیگ) کا دفتر ہے۔
پوسٹ میں لکھا ہے’’یہ کیرالہ کے وائناڈ میں کانگریس پارٹی کا دفترہے، اب آپ اندازہ لگائیے کہ کانگریس نے اپنے منشور میں دریادلی کیوں دکھائی‘‘ ۔
اس پوسٹ میں پیغام کے ساتھ دو تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔ ان تصاویر میں سبز رنگ کی ایک عمارت پر نشان زد آدھا چاند اور تارہ دکھائی دے رہے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ وائناڈ میں کانگریس پارٹی کا دفتر ہے۔
اپنی تفتیش شروع کرنے کے لئے ہم نے اس تصویر کا مناسب طریقہ سےتجزیہ کیا۔ اس عمارت پر ملیالم زبان میں کچھ لکھا تھا۔ ہم نے اپنے لینگویج ایکسپرٹ کی مدد سے اس کا ترجمہ کیا تو پتہ چلا کہ اس کے اوپر دائیں جانب میں’اقبال نگر لیگ ہاؤس‘ لکھا ہے۔ اور درمیان میں لکھا ہے’’مسلم لیگ‘‘ ۔
اس تصویر میں 4 چیزیں ایسی ہیں جس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ یہ عمارت کانگریس کی نہیں بلکہ آئی یو ایم ایل کا دفتر ہے۔
عمارت کے اوپری دائیں کونے پر ملیالم زبان میں لکھا ہے’اقبال نگر لیگ ہاؤس‘۔
عمارت کے بائیں اوپری کونے پر آئی یو ایم ایل کا نشان بنا ہوا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ آئی یو ایم ایل پارٹی کا انتخابی نشان سیڑھی ہے۔
وائرل تصویر کے پوسٹر میں دکھائی دے رہے شخص سید محمد علی شہاب ہیں۔ شہاب انڈین یونیئن مسلم لیگ کی کیرالہ ریاست کمیٹی کے چیئرمین تھے۔ سال 2009 میں ان کا انتقال ہو گیا۔
عمارت کے درمیان میں ’’مسلم لیگ ‘‘ لکھا ہوا ہے۔
مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے ہم نے کیرالہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے ایک ممبر آئی سی بالا کرشنن سے بات کی اور انہوں نے ہمیں بتایا کہ ’’یہ عمارت کیرالہ کانگریس کے کسی بھی دفتر کی نہیں ہے‘‘۔
انہوں نے ہمارے ساتھ کانگریس کے وائناڈ دفتر کی اصلی تصویر بھی شیئر کی جس کو نیچے دیکھا جا سکتا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ گزشتہ کئی دنوں سے وائناڈ موضوع بحث میں ہے کیونکہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی وہاں سے لوک سبھا الیکشن میں کھڑے ہوئے ہیں۔ آئی یو ایم ایل کے جھنڈے اور نشان کو لے کر سوشل میڈیا میں کانگریس کو کئی بار تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
نتیجہ: اپنی تفتیش میں ہم نے پایا کہ وائرل تصاویر میں نظر آرہی عمارت انڈین یونیئن مسلم لیگ کے اقبال نگر واقع دفتر کی ہے۔ یہ کانگریس پارٹی کا دفتر نہیں ہے۔
اگر آپ کو ایسی کسی بھی خبر پر شک ہے جس کا اثر آپ کے معاشرے اور ملک پر پڑ سکتا ہے تو ہمیں بتائیں۔ ہمیں یہاں جانکاری بھیج سکتے ہیں۔ آپ ہم سے ای میل کے ذریعہ رابطہ کر سکتے ہیں
contact@vishvasnews.com
اس کے ساتھ ہی واٹس ایپ (نمبر9205270923 –) کے ذریعہ بھی اطلاع دے سکتے ہیں۔